qگلگت بلتستان انتخابات کیلئے ن لیگ میں ٹکٹوں کی تقسیم تیز

ش*نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ اجلاس طلب، چوبیس حلقوں کیلئے نام فائنل ہوں گے ًڈیڑھ سو درخواستوں کا جائزہ، ممکنہ اتحاد اور نئی شمولیتوں پر مشاورت متوقع،پارٹی ذرائع

اتوار 19 اپریل 2026 19:35

\لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2026ء) گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل تیز ہو گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قائد نواز شریف نے 20 اپریل کو مری میں پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں گلگت بلتستان کے 24 حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حلقوں کے لیے اب تک تقریباً 150 امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ممکنہ سیاسی اتحاد اور پارٹی میں نئی شمولیتوں پر بھی اہم مشاورت متوقع ہے۔مسلم لیگ (ن) کے 23 رکنی پارلیمانی بورڈ کو ٹکٹوں کی حتمی منظوری کا اختیار حاصل ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، برجیس طاہر، حافظ حفیظ الرحمان، امیر مقام اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر سینئر رہنما شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بورڈ کے تمام اراکین کو اجلاس سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور اجلاس کل صبح 11 بجے مری میں نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جبکہ پارٹی قیادت آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کے لیے بھی جلد پارلیمانی بورڈ اجلاس بلانے پر غور کر رہی ہے۔