Live Updates

ُٰپاکستان نے غیرمعمولی سفارتی مہارت سے اپنے مفادات کو موثر اندازمیں آگے بڑھایا ہے ،شیری رحمان

منگل 21 اپریل 2026 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے موجودہ علاقائی صورتحال میں غیر معمولی سفارتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مفادات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔امریکی ٹی وی چینل بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران جیسے اہم توانائی ذخائر کے حامل ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی قیادت پر اعتماد کے بیانات، پاکستان کو ایک اہم سفارتی پوزیشن دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون جبکہ ایران کی ہمسائیگی پاکستان کو منفرد جغرافیائی و تزویراتی اہمیت فراہم کرتی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا ذریعہ بن کر جنگ کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم جنگ بندی میں توسیع کے لیے سنجیدہ مذاکرات ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی تجارت اور توانائی کی رسد کو متاثر کر رہی ہے، اس لیے کشیدگی میں کمی کے لیے سازگار اسٹریٹجک ماحول ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے میں ایک موزوں ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور فریقین کا اعتماد برقرار ہے، جو پاکستان کی سفارتی ساکھ اور اثر و رسوخ کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ ضرور رہا، تاہم روابط کبھی مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے۔شیری رحمان نے کہا کہ ماضی میں باراک اوباما کے دور میں افغانستان اور سرحدی معاملات پر کشیدگی بھی سامنے آئی، تاہم پاکستان نے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہتے ہوئے بعض واقعات پر امریکی معافی کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ جنگ بندی برقرار رہے اور مذاکرات کا عمل آگے بڑھے، جبکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بداعتمادی کم کرنے کے لیے رابطے ناگزیر ہیں۔شیری رحمان کے مطابق پاکستان نے ترکی، عمان اور مصر کو بھی سفارتی عمل میں شامل رکھا ہے اور اس وقت پاکستان خطے میں ایک مرکزی اور ناگزیر کردار ادا کر رہا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات