بحر ہند ایک اہم خطہ ،جہاں مستقبل کی جنگی حکمت عملی تشکیل پا رہی ہے،نیول چیف

مقامی پیداوار ،خود انحصاری کے فروغ سے پاکستان میں کم لاگت اور عالمی معیار کی حامل دفاعی صنعت قائم ہوگی،ایڈمرل نویداشرف کراچی میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے زیر اہتمام جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ پر 2روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد، اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم،صنعتی ماہرین اور طلبہ نے شرکت

جمعرات 23 اپریل 2026 21:35

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2026ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہاہے کہ بحر ہند ایک اہم خطہ ہے جہاں مستقبل کی جنگی حکمت عملی تشکیل پا رہی ہے، بحر ہند سے عالمی تجارت کی وسیع آمدورفت ہے جس میں رکاوٹ سے عالمی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق میری ٹائم سینٹر آف ایکسی لینس کے زیر اہتمام ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ کانفرنس کا مقصد بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹیجک رجحانات اور جنگ پر جدید ٹیکنالوجی کے اثرات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے دفاعی صنعت، صارفین اور تعلیمی اداروں کے مابین تعاون پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے کہا کہ مقامی پیداوار اور خود انحصاری کے فروغ سے پاکستان میں کم لاگت اور عالمی معیار کی حامل دفاعی صنعت قائم ہوگی۔نیول چیف نے کہاکہ بحر ہند ایک اہم خطہ ہے جہاں مستقبل کی جنگی حکمت عملی تشکیل پا رہی ہے، بحر ہند سے عالمی تجارت کی وسیع آمدورفت ہے جس میں رکاوٹ سے عالمی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں اجاگرکیا گیا کہ تیز رفتار تکنیکی ترقی جنگ کی نوعیت بدل رہی ہے، کانفرنس میں یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ دفاعی حکمت عملی ازسرنو متعین ہو رہی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم،صنعتی ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی۔کانفرنس میں مستقبل کے جنگی رجحانات سے ہم آہنگی کیلئے مسلسل علمی و فکری تعاون پر زور دیا گیا۔