صوبے بھر میں عملی اقدامات سے براہِ راست عوامی زندگیوں میں بہتری لا رہے ہیں،صوبائی وزیر محنت

ہفتہ 25 اپریل 2026 15:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2026ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں ایسے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جو براہِ راست عوامی زندگیوں میں بہتری لا رہے ہیں اور عوام کے دلوں میں جگہ بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بٹر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بچیوں کے تحفظ، طلبہ کے تعلیمی مواقع، مزدور طبقے کے معاشی مسائل کے حل اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی جیسے اہم شعبوں میں حکومت پنجاب بھرپور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہیں اور ان پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کی آمد پر اہلیانِ دیہہ نے اُن کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا۔ معزز مہمان پر ڈھیروں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ فضا نعروں اور خیرمقدمی جذبات سے گونج اٹھی، جو عوام کی محبت اور اعتماد کا واضح اظہار تھا۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) شجاعت علی پاشا، سابق وائس چیئرمین نثار احمد، سابقہ کونسلرز اور علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ بٹر اور برج میں سیوریج کے جامع نظام کی تنصیب پر کام جاری ہے جبکہ ہر گلی میں ٹف ٹائلز بچھانے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔ مزید برآں، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بٹر میں خواجہ محمد آصف کی ہدایت پر سولر سسٹمز کی تنصیب اور اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری شجاعت علی پاشا نے کہا کہ بٹر میں سیوریج کے دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے واسا کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس کے تحت نکاسیٔ آب کے مؤثر نظام، گلیوں کی تعمیر و مرمت اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد منشاء اللہ بٹ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور وہ علاقے جو ماضی میں پسماندگی کا شکار رہے، وہاں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔ "معیاری میونسپل سروسز آپ کا حق اور ان کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے" کے عزم کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ہر گلی اور ہر محلہ بنیادی سہولیات سے آراستہ ہو سکے۔اپنے خطاب کے اختتام پر شجاعت علی پاشا نے اتحاد و یگانگت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت عوامی خدمت میں شب و روز مصروف ہے اور حتیٰ کہ مخالفین بھی اس کارکردگی کے معترف ہیں، لہٰذا قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔