واہگہ بارڈر پر تقریب کے دوران ڈیجیٹل سکرین کے غیر روایتی استعمال کے سوشل میڈیا پر چرچے

سکرین پر ترجمان پاک فوج کے بیانات کی جھلکیاں نشر کی گئیں،بھارت میں ہونے والی تباہی بھی دکھائی گئی پاکستان سائیڈ پر لگائی گئی سکرینز کی ویڈیوز دوسری طرف موجود بھارتی فوج اور تماشائی بھی سنتے اور دیکھتے رہے

بدھ 29 اپریل 2026 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2026ء) پاکستان کے سرحدی حکام کی جانب سے واہگہ بارڈر پر آپریشن معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈیجیٹل سکرین کا بھرپور استعمال سامنے آیا ہے۔ پاکستانی حکام نے سکرین پر ترجمان پاک فوج کے بیانات کی جھلکیاں نشر کیں، ساتھ ہی بھارت میں ہونے والی تباہی بھی دکھائی گئی، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ دوسری طرف موجود بھارتی فوج اور تماشائی بھی سنتے اور دیکھتے رہے۔

گزشتہ سال پاکستان پر جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے بھرپور جوابی ردعمل آپریشن معرکہ حق کی سالگرہ کے سلسلہ میں واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران اس وقت ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب پاکستانی سرحدی حکام کی جانب سے پنڈال میں نصب بڑی سکرینوں پر پاک فوج کے جوابی حملوں اور پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے بیانات پر مبنی ویڈیو کلپس چلائے گئے۔

واہگہ بارڈر پر چلنے والے یہ پیغامات سرحد کے اس پار بھارتی فوج اور اسٹینڈز میں موجود عوام نے بھی سنے۔ان ویڈیوز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا وہ کلپ بھی شامل تھا جس میں انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے فضا ء سے زمین پر میزائل داغے، ہم صرف انہیں یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم تمہاری جارحیت سے ڈرنے والی قوم نہیں ہیں، اب صرف ہمارے جواب کا انتظار کریں۔اس کے علاوہ سکرین پر بھارت کے ادھم پور ایئربیس اور دیگر مقامات پر پاکستانی حملوں سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔