علی امین گنڈاپور کے دوبارہ وزیراعلیٰ بننے کی افواہیں بالکل ویسی جیسے ’’بلی کو خواب میں چھیچھڑے نظر آتے ہیں‘‘

کچھ عناصر اپنی ہی جماعت کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہتے ہیں لیکن کوئی صورتحال نظر نہیں آ رہی، بعض لوگ دیگر جماعتوں سے روابط کی خبریں خود ہی پھیلاتے ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 مئی 2026 20:44

علی امین گنڈاپور کے دوبارہ وزیراعلیٰ بننے کی افواہیں بالکل ویسی جیسے ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 02 مئی 2026ء ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے دوبارہ وزیراعلیٰ بننے کی افواہیں، ’ بلی کو خواب میں چھیچھڑے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے حوالے سے صرف پاکستان تحریک انصاف ہی بہتر طور پر وضاحت کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر اپنی ہی جماعت کے وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں، تاہم بظاہر ایسی کوئی صورتحال نظر نہیں آ رہی۔ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے سے متعلق افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ’’ بلی کو خواب میں چھیچھڑے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

‘‘ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان کے ضلع کے وزیر اعلیٰ کو کیوں ہٹایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے یہی کہتا رہا تھا کہ جس دن تحریک انصاف کو اپنی جماعت میں “میر جعفر” اور “میر صادق” کا علم ہوا، اسی بنیاد پر وزیر اعلیٰ کو ہٹایا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بعض لوگ دیگر جماعتوں سے روابط کی خبریں خود ہی پھیلاتے ہیں، تاہم جو ایک بار تحریک انصاف  کی بس سے اتر جائے، اس کی واپسی مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے پہلے ڈپٹی اسپیکر اور اب گورنر کا منصب دیا یہ صوبہ اور  پارٹی کی اعلی قیادت کا اعتماد تھا پاکستان پیپلز پارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور یہ ضلع پارٹی کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے، جہاں صوبے بھر میں سب سے زیادہ منتخب نمائندے پیپلز پارٹی کے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ورکر کنونشنز کا سلسلہ جاری ہے، مالاکنڈ کے بعد پشاور اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی کنونشنز منعقد کیے جائیں گے، اور کوشش ہے کہ صوبے میں اتحادی حکومت قائم کی جائے۔ سابق سینیٹر کی مولانا فضل الرحمان کے بیٹے سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاست میں ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں، مولانا قابل احترام ہیں اور ان سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، اگرچہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ موجود ہے۔

ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایئرپورٹ اور لفٹ کینال منصوبے پراسس میں ہیں۔ ایئرپورٹ منصوبہ آئندہ بورڈ میٹنگ میں پیش کیا جائے گا جبکہ کچھ عناصر اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لفٹ کینال منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہے اور جلد اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈس ہائی وے کو ڈیرہ اسماعیل خان سے کشمور تک دو رویہ کرنے کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا، جس سے علاقے میں سفری سہولیات بہتر ہوں۔