اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 02 مئی 2026ء) پشاور زلمی ایک شاندار پرفارمنس کے بعد پورے اعتماد کے ساتھ پاکستان سپر لیگ 2026 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں قدم رکھ رہی ہے۔ انہوں نے 28 اپریل کو کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی تھی۔ اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کی قیادت میں زلمی کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں حاوی رہی ہے، جہاں انہوں نے پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ اور آخری اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کا بہترین امتزاج پیش کیا ہے۔
دوسری جانب، حیدرآباد کنگز مین کا فائنل تک کا سفر اونچ نیچ کا شکار رہا۔ لیگ اسٹیج میں بہترین کارکردگی کے بعد، اس ٹیم کی فائنل تک رسائی نہایت سنسنی خیز رہی۔ اس ٹیم نے لگاتار دو ناک آؤٹ میچز جیتے۔
(جاری ہے)
ایلیمینیٹر ون میں ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد، کنگز مین نے ایلیمینیٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک ہارا ہوا میچ اپنے نام کیا۔
186 رنز کے نسبتاﹰ کم اسکور کا دفاع کرتے ہوئے، نوجوان فاسٹ باؤلر حنین شاہ نے آخری اوور میں اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور چھ رنز کا دفاع کرتے ہوئے فتح دلا کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
لاہور
میں اس فائنل کے حوالے سے ماحول انتہائی پرجوش ہونے کی توقع ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد شائقین کو پلے آف اور فائنل کے لیے اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی۔ اس سے قبل توانائی کی بچت کے اقدامات کے باعث لیگ کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔اختتامی تقریب کا آغاز اتوار کی شام 6:30 بجے شیڈول ہے، جس میں مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور ڈرون لائٹ شو بھی منعقد کیا جائے گا، جس کے بعد رات 7:00 بجے میچ کی پہلی گیند پھینکی جائے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2026 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں 1,500 سے 12,000 روپے کے درمیان ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوگا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 588 رنز اسکور کرنے والے بابر اعظم کی قیادت میں ایک بار پھر ٹرافی اٹھاتی ہے یا حیدرآباد کنگز مین اپنی پہلی ہی شرکت میں چیمپئن بن کر تاریخ رقم کرتے ہیں۔
ادارت: عاطف بلوچ