تمغہ امتیاز کے لئے نامزد شوٹر محسن نواز کو پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں خراجِ تحسین

پیر 4 مئی 2026 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) پاکستان کے معروف ایف کلاس لانگ رینج شوٹر محسن نواز کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منعقدہ پی ایس ایل 2026 کی اختتامی تقریب کے دوران پی ایس ایل کی ’’ہمارے ہیروز’’ مہم کے تحت اعزاز سے نوازا گیا ۔ یہ مہم کرکٹ کے علاوہ دیگر شعبوں بشمول کھیل، تعلیم اور سماجی خدمات میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے 2020 میں شروع کی گئی تھی۔

تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محسن نواز نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اور سلیکشن پینل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کو پی ایس ایل جیسے بڑے پلیٹ فارم پر پذیرائی ملنا نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک حوصلہ افزا ء قدم ہے۔ انہوں نے شوٹنگ کے کھیل کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت (وزیراعلیٰ مریم نواز) کی معاونت کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محسن نواز گزشتہ دو دہائیوں سے ایف کلاس لانگ رینج شوٹنگ میں پاکستان کی پہچان بنے ہوئے ہیں۔ ان کی نمایاں کامیابیوں میں درج ذیل شامل ہیں، عالمی اعزازات: 2018 میں این آر اے یو ایس نیشنل چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی۔ میڈلز: 2023 یورپی چیمپئن شپ (سلور)، 2022 ویسٹرن بسلے چیمپئن شپ (3 گولڈ، 2 سلور) اور 2021 ساؤتھ افریقہ اوپن میں کانسی کا تمغہ. ریکارڈ: 2023 میں 800 گز کی رینج پر 75.13 وی-پوائنٹس کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔

محسن نواز کو شوٹنگ کے میدان میں ان کی شاندار کارکردگی پر’’تمغہ امتیاز‘‘ کے لئے بھی نامزد کیا گیا ہے اور اگر انہیں یہ اعزاز ملتا ہے تو وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے پہلے شوٹر بنیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بڑے شہروں میں 50 میٹر شوٹنگ رینجز قائم کی جائیں اور جدید آلات کی درآمدی پالیسیوں کو آسان بنایا جائے تاکہ شوٹنگ کے شعبے میں پاکستان عالمی سطح پر مزید بہتر نتائج دے سکے۔ \932