یو سی 43 حیدرآباد سٹی میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی فہرستوں میں ہیر پھیر کو پری پول ریگنگ قرار دیدیا گیا

منگل 5 مئی 2026 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) جمعیت علما پاکستان (نورانی) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عبدالرف الوانی نے یو سی 43 حیدرآباد سٹی میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی فہرستوں میں ہیر پھیر کو پری پول ریگنگ قرار دیا ہے، یو سی 43 جو کہ اسلام آباد، ملت آباد، کمہار پاڑہ، جھنڈے والی گلی پر مشتمل شہری حلقہ ہے جب کہ جاری کردہ ووٹر لسٹوں میں پنہور گوٹھ اور دیگر علاقے بھی شامل کر دیئے گئے ہیں۔

وہ جے یو پی ضلع حیدرآباد کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ناظم علی آرائیں، قاری غلام سرور امینی، محمد رضوان شیخ، ارشاد نقشبندی، حافظ اشفاق، حافظ رضوان، چوہدری بشیر اور ڈاکٹر سید عارف اللہ شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن فوری یو سی 43 حیدرآباد سٹی کی ووٹر لسٹوں کی تصحیح کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے یو پی ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، جمعہ 8 مئی کو یو سی 43 میں جنرل ورکرز اجلاس ہو گا اور جمعہ 15 مئی کو ملت آباد روڈ پر کارنر میٹنگ منعقد کی جائے گی، حلقے میں موجود تمام برادریوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ڈور ٹو ڈور مہم اپنے عروج پر ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ حیدرآباد کے عوام بالعموم اور یو سی 43 کے لوگ بالخصوص صفائی ستھرائی، فراہمی و نکاسی آب سڑکوں اور گلیوں کی زبوں حالی، آوارہ کتوں کی بھر مار، مچھروں کی بہتاب سے تنگ آ چکے ہیں، یوسی لیول پر ملنے والا لاکھوں روپے فنڈز کے استعمال کا کوئی پتا نہیں، رہنماں نے یو سی 43 کے عوام سے اپیل کی کہ وہ دیانت دار، مخلص اور عوام دوست نمائندوں کا چنا کریں اور 17 مئی کو چابی پہ مہر لگا کر حیدرآباد کی قسمت کا دروازہ کھولیں۔