Live Updates

پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے روٹ پرمٹ پورے پاکستان کیلئے ہونے چاہیئے،عرفان خان نیازی

منگل 5 مئی 2026 22:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) اسلام آباد ٹرانسپورٹرز اونرز اینڈ پیسنجرزایسوسی ایشن کے صدر عرفان خان نیازی نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے روٹ پرمٹ پورے پاکستان کیلئے ہونے چاہیئے،حکومت ٹرانسپورٹ کی ایڈوائزری کمیٹی بنائے،موٹر ویز پر جگہ جگہ گاڑی کی چیکنگ کے بجائے مخصوص پوائنٹس پر ہی ہونی چاہیئے،موٹر وے پولیس،ٹر یفک پولیس غلطی کی صورت میں کارروائی کرے لیکن پیٹرولنگ پولیس ضلعی پولیس،سول ڈیفنس، پیرا فورس وغیرہ کو یہ اختیار ہر گز نہیں ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے تنظیم کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عرفان خان نیازی نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹ مالکان نے ایک مختلف اور مثبت مثال قائم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ کرایوں میں عوام کے لئے اضافہ نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ " سب سے پہلے پاکستان اور اس کے بعد عوام " ہیں ۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ موجودہ معاشی حالات میں ملک کو استحکام اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنا کردار ذمہ داری کے ساتھ پہلے بھی ادا کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔ٹرانسپورٹ مالکان کا یہ مشکل فیصلہ صرف کاروباری نہیں بلکہ ایک قومی خدمت ہے تا کہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے اور انہیں ریلیف مل سکے ۔

انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کی تمام گاڑیاں بینک لیز یا سیلف فنانس ہوتی ہیں ۔آج تک ٹرانسپورٹ کی ایڈوائزری کمیٹی نہیں بنائی گئی جس کا ہونا اشد ضروری ہے۔موٹر وے پولیس ،ٹریفک پولیس غلطی کی صورت میں ضرور کاروائی کرے لیکن پیٹرولنگ پولیس ضلعی پولیس، سول ڈیفنس، پیرا فورس وغیرہ کو یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ موٹر وہیکل آرڈینینس کے رولز کے مطابق جب گاڑی میں مسافر سفر کر رہے ہوتے ہیں تو گاڑی کوتھانہ میں بند نہیں کرنا چاہیے۔

اس سے عوام کا استحصال ہوتا ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے روٹ پرمٹ پورے پاکستان کے لئے ہونے چاہیے،موٹر وے پر جگہ جگہ چیکنگ کے لئے روکا جانا یا گاڑی کو موٹروے سے واپس کر دینا مسافروں کے لئے سخت اذیت کا باعث بنتا ہے۔اس کا تدارک کیا جائے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات