کشمیری حریت رہنمائوں کی مظفر آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر سے ملاقات

بدھ 6 مئی 2026 21:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں راجہ خادم حسین ، مشتاق السلام اور عبدالمجید میر نے مظفرآباد میں سینٹرل بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ راجہ ضیغم افتخار، سیکرٹری جنرل میر مرتضی اور بار کے دیگر ارکان سے ملاقات کی اور انہیں 9 مئی کو مظفرآباد میں منعقد ہونے والی "بنیانِ مرصوص" ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال، کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی جبر کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے وکلا برادری کے تاریخی اور اصولی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا ہمیشہ حق، انصاف اور مظلوموں کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد قابلِ تقلید ہے۔

(جاری ہے)

حریت قائدین نے 9مئی کو شہید برہان وانی چوک سے گڑھی پن چوک تک منعقد ہونے والی '' بنیان مرصوص ریلی'' میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ریلی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات، اور دفاعِ وطن کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرنے کا مظہر ہوگی۔سینٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے حریت وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریلی میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

حریت رہنمائوں نے سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد اور تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو اس قومی اہمیت کی حامل ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ حریت وفد نے صدر پینشنرز ایسوسی ایشن راجہ ممتاز سے بھی ملاقات کی اور انہیں ریلی میں شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔