کنگ سلمان ریلیف کی پاکستان بھر میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے پانچویں اور آخری مرحلہ کی کامیاب تکمیل

اتوار 10 مئی 2026 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ26۔ 2025 کے پانچویں اور آخری مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جو ملک بھر میں غذائی قلت کے خاتمے اور مستحق طبقات کی مدد کے لیے اس کے جاری انسانی ہمدردی کے اقدامات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔کنگ سلمان ریلیف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس مرحلے کے تحت ملک کے 31 اضلاع میں تقریبا 195,487 افراد مستفید ہوئے۔

اس قومی سطح کے منصوبے کے تحت امدادی سرگرمیاں 31 اضلاع میں انجام دی گئیں، جن میں پنجاب کے 10، خیبر پختونخوا کے 5، بلوچستان کے 7، سندھ کے 6 اور آزاد جموں و کشمیر کے 3 اضلاع شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا شکار اور مستحق خاندانوں کو بروقت بنیادی خوراک کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔

(جاری ہے)

اس آخری مرحلے میں ہزاروں مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔

ہر پیکج کا وزن 97 کلوگرام تھا، جس میں 80 کلوآٹا، 5 لیٹر کھانا پکانے کا تیل، 5 کلو چینی، 5 کلو دال چنا، اور 2 کلو کھجور شامل تھیں، جو مستحق خاندانوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوئیں۔یہ تقسیم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، ضلعی انتظامیہ اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے شراکت دار اداروں حیات فانڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف، مثر اور منظم انداز میں مکمل کی گئی، تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک بروقت پہنچ سکے۔

یہ منصوبہ پاکستان میں غذائی تحفظ کے فروغ اور ضرورت مند طبقات کی معاونت کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ یہ عالمی سطح پر انسانی خدمت، تکالیف کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے اس کے مشن کو بھی اجاگر کرتا ہے۔