گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا ساتواں کانووکیشن ،گورنر پنجاب کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

منگل 12 مئی 2026 14:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ (جی سی ڈبلیو یو ایس)کے ساتویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب و چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے طالبات کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن طالبات، والدین اور اساتذہ کے لیے ایک یادگار اور قابلِ فخر لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں اور پاکستان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے یونیورسٹی کی گزشتہ ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں یونیورسٹی کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی میں اساتذہ، انتظامیہ اور والدین کے کردار کو بھی سراہا۔تقریب میں مجموعی طور پر 3840 گریجویٹس کو اسناد سے نوازا گیاجن میں مختلف شعبہ ہائے تعلیم سے تعلق رکھنے والی 3102 بی ایس، 35 بی ایڈ، 290 ایم اے / ایم ایس سی، 398 ایم ایس اور 13 پی ایچ ڈی کی طالبات شامل تھیں۔

مزید برآں 377 طالبات کو اکیڈمک رول آف آنر سے نوازا گیا جبکہ 98 نمایاں طالبات میں طلائی اور نقرئی تمغے تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 2 طالبات کو علامہ اقبال گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں جبکہ شرکا نے کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔