پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر ایوانِ صدر مظفرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب

جمعرات 21 مئی 2026 23:27

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2026ء) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر ایوانِ صدر مظفرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قائمقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر کو سلامی پیش کی، جبکہ تقریب کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر قائمقام صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کے دن چین، پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کو اس دوستی کی پلاٹینم جوبلی مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

پاک چین دوستی لازوال تسلسل ہے جس پر موسموں کے گرم و سرد ہونے سے کبھی فرق نہیں پڑا۔ جب کبھی پاکستان پر مشکل وقت آیا، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا اور اس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ مجھے یقین ہے کہ چین کشمیر کے مسئلے پر پہلے سے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر جارحیت کے دوران بھی چین نے پاکستان کی سفارتی سطح پرمکمل حمایت کی۔ قائمقام صدر ریاست نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاک چین دوستی کی بنیاد رکھی اور بطور وزیراعظم وہ اس دوستی کو بلندیوں تک لے کر گئے اور آج بھی یہ تسلسل قائم ہے۔

چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے لیے صدر پاکستان آصف زرداری نے بڑی محنت کی۔ یہ منصوبہ خطہ ایشیا کے اندر گیم چینجر ثابت ہوگا، اس سے پاکستان کو ترقی ملے گی۔ پاکستان نے چین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دلانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ چین نے ایک وقت میں کشمیر کے لوگوں کے لیے پاسپورٹ اور ویزا فری کرنے کا اعلان کیا، جبکہ پاکستان بھی تائیوان پر چین کے موقف کی تائید کرتا ہے۔قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کا یہ سفر آئندہ بھی مزید مضبوطی کے ساتھ جاری و ساری رہے گا۔