Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے،سرفراز بگٹی

ہفتہ 23 مئی 2026 23:11

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورہ چین کے بعد وزیراعظم میاں شہباز شریف کا 23 مئی سے شروع ہونے والا تین روزہ دورہ چین غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی کاوشوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لیگی ایم این اے چوہدری ریاض الحق کی رہائش گاہ پر ان کے تایا کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آن لائن کے مطابق اس موقع پر سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چوہدری ارشد اقبال و دیگر افرادبھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کوئی معمولی پیش رفت نہیں اور اس کا کریڈٹ پاکستانی قیادت اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے تاہم حکومت اور سکیورٹی ادارے اس صورتحال کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لاکھوں افراد کی برسوں میزبانی کے باوجود ان کے رویے پر مایوسی ہوئی، تاہم پاکستان کی انٹیلی جنس صلاحیتیں مؤثر ہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 15 ہزار دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں جن کی قیادت میں معرکہ حق سمیت کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو دی جانے والی اربوں روپے کی اسکالرشپس کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام پنجاب کے عوام سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کوئی قومیت نہیں ہوتی اور حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات