کراچی ہیٹ ویو کا خدشہ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،ایاز میمن موتی والا

منگل 9 جون 2026 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2026ء) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پاکستان کے بانی ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشے کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خصوصا بچے، خواتین، بزرگ اور بیمار افراد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ گرمی کی لہر کے دوران اسپتالوں میں گیسٹرو، ڈائریا اور معدے کی دیگر بیماریوں کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری صاف اور ابلا ہوا پانی استعمال کریں، باسی اور کھلے کھانوں سے پرہیز کریں اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے او آر ایس اور دیگر صحت بخش مشروبات کا استعمال بڑھائیں۔ایاز میمن موتی والا نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ شدید گرمی کے دوران غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کیونکہ بجلی کی بندش عوام خصوصا بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔