Live Updates

لبنان اسرائیل کے ساتھ روم میں طے شدہ بات چیت میں شرکت کرے گا

ْ لبنان مذاکرات کے اس دور میں شرکت کرے گا، جو 15 اور 16 جولائی کو روم میں منعقد ہوں گے،ذرائع

اتوار 12 جولائی 2026 15:55

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2026ء) ایک سرکاری لبنانی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ لبنان اگلے ہفتے روم میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی طے شدہ بات چیت میں شرکت کرے گا۔ یہ بات ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایک امریکی عسکری وفد لبنان کے جنوب میں ایک تجرباتی علاقے سے اسرائیلی انخلا کے طریقہ کار پر غور کرنے کے لیے لبنان میں بات چیت کر رہا ہے۔

ذریعے نے کہا کہ لبنان مذاکرات کے اس دور میں شرکت کرے گا، جو 15 اور 16 جولائی کو روم میں منعقد ہوں گے۔ مذاکرات کے قریب ایک سفارتی ذریعے نے بدھ کے روز بتایا تھا کہ لبنان نے مذاکرات کے نئے دور میں شرکت کے لیے اسرائیل پر شرط عائد کی ہے کہ وہ ملک کے جنوب میں دو تجرباتی علاقوں سے انخلا کرے۔مذاکرات کا اگلا دور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر لبنانی صدر کے دورہ واشنگٹن سے چند دن قبل منعقد ہو رہا ہے، جس کے بارے میں لبنانی صدارتی دفتر نے جمعرات کو کہا تھا کہ یہ دورہ جولائی کے آخری ہفتے میں ہو گا۔

(جاری ہے)

اسی سیاق میں ایک امریکی عسکری وفد لبنانی فوج کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کر رہا ہے تاکہ جنوبی لبنان میں دو علاقوں کے درمیان ایک تجرباتی علاقے سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے طریقہ کار پر غور کیا جا سکے۔لبنان اور اسرائیل نے 26 جون کو واشنگٹن میں ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے، جس میں خاص طور پر حزب اللہ تنظیم کے اسلحے کے خاتمے اور جنوبی لبنان سے تدریجی اسرائیلی انخلا کا ذکر تھا، جبکہ لبنانی فوج کو دو تجرباتی علاقوں سے تعیناتی شروع کرنی ہے۔

فریم ورک معاہدہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا کے لیے کوئی ٹائم لائن طے نہیں کرتا۔ ادھر اسرائیل اپنے حکام کی زبانی دہراتا ہے کہ اس کی افواج اپنی سرحدوں سے دس کلو میٹر گہرائی والے سکیورٹی زون سے اس وقت تک نہیں نکلیں گی جب تک حزب اللہ کا اسلحہ ختم نہیں ہو جاتا۔ یہ ایک ایسا قدم جس کے بارے میں تجزیہ کار اسے مکمل کرنے کی لبنانی ریاست کی صلاحیت پر شک ظاہر کرتے ہیں۔حزب اللہ اپنا اسلحہ حوالے کرنے اور اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات اور اس کے نتائج کو مسترد کرتی ہے اور تل ابیب کے ساتھ جنگ روکنے کے لیے اپنے حامی ایران پر انحصار کرتی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات