وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل، عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر اقدامات جاری

عوام اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل میں درج کرائیں تاکہ ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے،سیدہ تحسین عابدی

پیر 13 جولائی 2026 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2026ء) ترجمان سندھ حکومت سیدہ تحسین عابدی نے پیرکو وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل میں عوامی شکایات کی سماعت کرتے ہوئے مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی درخواستوں، شکایات اور تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں اور اداروں سے فوری رابطہ کرکے عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

تحسین عابدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل حکومتِ سندھ کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے، جہاں شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جاتا ہے اور ان کے بروقت ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات کے مطابق عوامی شکایات کے فوری ازالے کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بلا تاخیر ریلیف فراہم کیا جا سکے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

تحسین عابدی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وڑن اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسف? خدمت کی روشنی میں سندھ حکومت شفافیت، جوابدہی، عوامی خدمت اور بہترین طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق ہر شہری کی آواز سننا، اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور ریاستی اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل اسی عوام دوست وڑن کی عملی تعبیر ہے، جہاں موصول ہونے والی شکایات کو فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچا کر ان کے حل کی مسلسل نگرانی بھی کی جاتی ہے۔تحسین عابدی نے کہا کہ صحت، تعلیم، بلدیاتی خدمات، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، بجلی اور دیگر بنیادی عوامی سہولیات سے متعلق شکایات کے حل کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت خدمتِ خلق، شفافیت، میرٹ اور عوامی اعتماد کے اصولوں پر کاربند ہے، جبکہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ اداروں کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو اپنی اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔آخر میں تحسین عابدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل میں درج کرائیں تاکہ ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے اور حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد، رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔