کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، (ن) لیگ پاکستان سے الحاق کے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی،مریم اورنگزیب

پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے والے بھارتی بیانئے کی ترجمانی کر رہے ہیں، حکومتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ،مخالفین بھی تعریف پر مجبور ہیں، گوجر خان میں انتخابی جلسے سے خطاب

ہفتہ 18 جولائی 2026 21:10

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں وطنِ عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔وہ گوجر خان میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل ای-39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ محمد صدیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کی لازوال مثال قائم کی ہے اور قوم اپنے تمام افسران اور جوانوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر کی ترقی ایک دوسرے سے لازم و ملزوم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف نے اپنے ہر دورِ حکومت میں آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر مسئلہ کشمیر کے حقیقی فریق ہیں اور مسلم لیگ (ن)کا واضح موقف پاکستان سے الحاق ہے، جس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے والے دراصل بھارتی بیانیے کی ترجمانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں الیکٹرک بس سروس، سولر سسٹم، ائمہ مساجد کے لیے وظیفہ، بے سہارا خاندانوں کی معاونت اور دیگر عوام دوست اقدامات شامل ہیں۔

ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور مخالفین بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف کی ہدایات کے مطابق انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی، پارٹی کارکن گھر گھر جا کر ووٹرز سے رابطہ کریں گے اور 27جولائی کو راجہ محمد صدیق کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر عوام ترقی، استحکام اور کشمیر کاز کے حق میں اپنا فیصلہ دیں گے۔