مسلم لیگ (ن) کے قائدین کا کمرشل مارکیٹ راولپنڈی کا دورہ

پیر 20 جولائی 2026 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر قائدین نے راولپنڈی کی کمرشل مارکیٹ کا دورہ کیا اور بیوٹیفیکیشن منصوبے کی تکمیل کے بعد مختلف علاقوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عوام اور تاجروں نے مسلم لیگ (ن) کے قائدین کا والہانہ استقبال کیا، گل پاشی کی اور "مریم نواز زندہ باد"، "نواز شریف زندہ باد" اور "وزیراعظم شہباز شریف زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

دورے میں سینئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب شریک تھیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان سمیت دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے کمرشل مارکیٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، بیوٹیفیکیشن منصوبے کے تحت کیے گئے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا اور دکانداروں، تاجروں اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔

قائدین نے عوام کی آرائ سنیں اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے راولپنڈی کی ترقی، خوبصورتی اور شہری سہولتوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی کے مصروف ترین بازاروں کو ٹریفک کے بے ہنگم رش سے نجات دلا کر نئی شناخت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کمرشل مارکیٹ کو اس انداز میں جدید، منظم اور خوبصورت بنایا گیا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو سہولت میسر آئی بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کے دوران حکومت نے تاجروں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا اور کاروبار کو کم سے کم متاثر ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوامی سہولت اور تجارتی مفادات کے درمیان بہترین توازن قائم کیا ہے۔خواتین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں کو صاف ستھرا ماحول، کشادہ پیدل راستے، جدید اسٹریٹ لائٹس اور دکانوں کی یکساں و خوبصورت تزئین و آرائش فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے راولپنڈی کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

دورے کے اختتام پر ریلی کے شرکاء ، تاجروں اور شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں اور راولپنڈی کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے "شکریہ مریم نواز شریف" اور "مریم نواز زندہ باد" کے نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے شہر کی خوشحالی اور عوامی فلاح میں اہم کردار ادا کریں گے۔