ہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی‘مریم اورنگزیب

پی پی نے پولنگ شروع ہونے کے فوری بعد دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دئیے ساڑھے دس بجے ہی شکست کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس بھی کر دی‘ سینئر صوبائی وزیر

اتوار 2 اگست 2026 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی،گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم نے انہیں مبارکباد دی تھی لیکن آج آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی پر بلاجواز دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے۔

سینئر وزیر نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ہزاروں ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں، ایسے میں ایک یا دو ووٹوں پر غلط مہر کا حوالہ دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازعہ قرار دینا درست نہیں۔پیپلزپارٹی نے پولنگ شروع ہونے کے فوری بعد ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دئیے جبکہ ساڑھے دس بجے ہی شکست کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس بھی کر دی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)گولی اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوںنے کہا کہ ایک مقام پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اس دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا۔تاہم پیپلزپارٹی نے اسے فائرنگ کا واقعہ قرار دے کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جبکہ کارکنوں کی جھڑپ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انتخابات ہر جماعت کی کارکردگی کا امتحان ہوتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ عوامی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے تو سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر بنائے، کیونکہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ہی ووٹ دیتے ہیں، انتخابی نتائج واضح کر رہے ہیں کہ عوام کا جوش و جذبہ کس جماعت کے ساتھ ہے