نیشنل مینارٹی ویک ، لاہور میں منفرد ہیریٹیج فوٹو واک، ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں قومی اقلیتی دن کی پروقار تقریب

پیر 10 اگست 2026 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جاری نیشنل مینارٹی ویک کی سرگرمیوں کے سلسلے میں لاہور میں منفرد ہیریٹیج فوٹو واک اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔

محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے زیر اہتمام ہیریٹیج فوٹو واک میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ فوٹو واک کا آغاز سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب سے ہوا، جس کے بعد شرکاء نے چرچ آف پاکستان، نولکھا چرچ، کرشنا مندر اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب سمیت لاہور کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کیا۔ طلبہ نے مختلف مذاہب کے مذہبی و ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کی اور تاریخی مقامات کے مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔

(جاری ہے)

شاہی قلعہ میں فوٹو واک کے اختتام پر شرکاء کے لیے خصوصی میوزیکل پرفارمنس کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ لاہور کا مذہبی اور ثقافتی ورثہ صدیوں پر محیط ہے اور مختلف مذاہب کی عبادت گاہیں شہر کی تاریخی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ نوجوان نسل کو اپنے شاندار مذہبی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مذہبی و ثقافتی ورثہ ہم سب کا مشترکہ اثاثہ ہے، اسے محفوظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مختلف مذاہب کے بارے میں آگاہی بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں منعقدہ قومی اقلیتی دن کی تقریب میں سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹیز افیئرز ڈاکٹر عثمان علی خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں مسیحی برادری سے بشپ ڈاکٹر ماجد آبیل اور ہندو برادری سے پنڈت امر ناتھ رندھاوا بھی شریک ہوئے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست پاکستان کا عہد ہے۔ سکھ میرج ایکٹ اور ہندو میرج ایکٹ کا نفاذ اقلیتی حقوق کے تحفظ کی عملی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک کلاسیکل مثال ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11اگست کی تاریخی تقریر میں پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کی آزادی اور مساوی حقوق کا واضح تصور پیش کیا تھا۔ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتی برادری اور نوجوانوں کے لیے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کئی بار واضح کر چکی ہیں کہ اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں۔ نیشنل مینارٹی ویک کی سرگرمیاں مذہبی رواداری، بھائی چارے، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو سمجھیں اور پاکستان کی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاسی اور عسکری قیادت نے پاکستان کے امن اور دفاع کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے نہ صرف ملک کا دفاع کیا بلکہ دنیا میں قیام امن کے لیے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔