12 ربیع الاول کا دن ہمارے لیے عید سے کم نہیں، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو

جمعرات 13 اگست 2026 20:22

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کا دن ہمارے لیے عید سے کم نہیں، کیونکہ اسی دن ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺکی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ یہ دن ہر سال ہر مسلمان انتہائی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ مناتا ہے، کیونکہ ہم مسلمان ہیں اور اس دن ہمیں اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 12 ربیع الاول کے دن کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتبِ فکر کے علماءکرام نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے عوام کے لیے کی جانے والی خدمات اور کامیابیاں دشمن سے برداشت نہیں ہوتیں، اس لیے آپ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماءکرام سے اپیل کی کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے خطابات میں اتحاد، بھائی چارے اور امن کا درس دیں، تاکہ دشمن کو شکست دی جا سکے اور ہمارا اتحاد و بھائی چارہ برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے بعد میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور سیپکو کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول اور 17 ربیع الاول کے موقع پر کسی بھی قسم کی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس کے دوران انہوں نے رینجرز اور پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 12 سے 17 ربیع الاول تک ہونے والے جلوسوں، جلسوں اور دیگر پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے رینجرز اور پولیس حکام کو باہمی تعاون کے ساتھ جلوسوں اور جلسوں کی حفاظت کے لیے مو¿ثر انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے اوقاف محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ اوقاف محکمہ کے زیرِ انتظام تمام مساجد پر چراغاں اور مناسب روشنی کا انتظام بھی کیا جائے۔اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کے ساتھ مل کر شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور بہترین لائٹنگ کے انتظامات کو یقینی بنائیں گے، تاکہ کسی بھی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔

اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علماءکرام نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ راجا دریا خان قریشی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔آخر میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور بھلائی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔