پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں آزاد کشمیر الیکشن اور نئے صوبوں کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ دو روز میں ایوان سے اہم ترین خطاب کا امکان‘پنجاب سمیت صوبوں میں تنظیم سازی اور ورکرکنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 اگست 2026 15:37

پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں آزاد کشمیر الیکشن اور نئے صوبوں کا معاملہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست ۔2026 ) پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے آئندہ دو روز میں ایوان سے خطاب کا امکان ہے. رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی میں آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی، پارٹی تحفظات اور وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر تفصیلی بات کریں گے اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری ملک میں نئے صوبوں کے معاملے پر بھی اپنا نکتہ نظر اور پارٹی موقف ایوان میں پیش کریں گے.

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز ایوان کے اندر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اپنا اظہارِ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج بھی ریکارڈ کروائیں گے ‘ادھر پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں پارٹی کی تنظیم سازی شروع کی جائے گی جس کے لیے جلد چیئرمین بلاول بھٹو سارے صوبوں میں ورکرزکنونشنوں سے خطاب کریں گے.

انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومتی اتحادکا حصہ بننے سے عوامی حلقوں میں پارٹی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے تاہم پی پی پی قیادت نے فیصلہ جمہوری عمل کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لیے کیا تھا‘انہوں نے کہاکہ یہ درست ہے کہ پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے اور نئی نسل میں پارٹی کی جڑیں کمزور ہورہی ہیں اسی لیے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوتھ ونگ ‘پی ایس ایف اور پارٹی کی دیگر ذیلی تنظیموں کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے.