ملک محمد فیاض اعوان سے اظہارِ یکجہتی، کراچی پریس کلب چورنگی پر میں احتجاج

مظاہرین کا ملک فیاض کی رہائی، معطلی واپس لینے اور مقدمات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ

اتوار 23 اگست 2026 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2026ء) سابق چیئرمین ڈی ایم سی ساؤتھ، سابق ناظم لیاری اور موجودہ چیئرمین یونین کونسل 4 ملک محمد فیاض اعوان سے اظہارِ یکجہتی اور انصاف کے حصول کے لیے لیاری کے عوام، مختلف انجمنوں، فٹبال کلبز، برادریوں، سیاسی و سماجی کارکنان اور شہریوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب چورنگی پراحتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا تاہم پولیس نے پریس کلب کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیئے، جس کے باعث صحافیوں اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی، جس کے بعد مظاہرین نے پریس کلب چورنگی پر احتجاج کیا۔ مظاہرے کی قیادت حاجی ملک سلیم اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ملک محمد فیاض اعوان کی فائرنگ کے مقدمے میں گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کے باعث اعوان برادری اور لیاری کے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک فیاض اعوان نے طویل عرصے تک پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ رہ کر سیاسی و عوامی خدمات انجام دی ہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپنی وابستگی کا عملی اظہار کیا ہے۔

شرکاء نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ ملک محمد فیاض اعوان کی معطلی کا فیصلہ واپس لیا جائے، ان کا مؤقف سنا جائے اور عدالت سے جرم ثابت ہونے تک انہیں مجرم تصور نہ کیا جائے۔مظاہرین نے کہا کہ اگر معاملہ پلاٹ یا جائیداد کے تنازع سے متعلق ہے تو پارٹی کی اعلیٰ قیادت دونوں فریقین کے درمیان ثالثی کرکے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرائے تاکہ پارٹی کے دیرینہ کارکن کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔مظاہرین نے ملک فیاض اعوان کی فوری رہائی، مقدمات ختم کرنے، لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی اور ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے معطلی ختم کرکے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے ملک فیاض کی رہائی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔