چوہدری شافع حسین کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

جمعہ 4 ستمبر 2026 16:56

چوہدری شافع حسین کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2026ء) مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا پنجاب اسمبلی میں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں حکومت کے فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، بلدیاتی انتخابات، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں حکومت نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی سکیمیں مکمل کی ہیں،مکمل ہونے والے منصوبوں اور جاری فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کے باعث اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں نئے کارخانے لگنے سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع ملے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ گجرات میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے،اربوں روپے کی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بروقت،معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنانے کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔منتخب نمائندے اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی میں بھرپور حصہ لے کر عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں۔

اراکین اسمبلی عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری پہچان ہے اور اسے ہمیشہ برقرار رکھنا ہے۔ پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کو ہر سطح پر منظم اور مضبوط کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے،ہم ان کی شرافت اور عوامی خدمت کی سیاست کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ عوامی خدمت کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ کو عوام کی مقبول ترین سیاسی جماعت بنائیں گے اس مقصد کیلئیعوامی خدمت کے جذبے سے سرشار لوگوں کو پارٹی میں لائیں گے۔اراکین اسمبلی نے کہاکہ ہمیں اپنی اعلیٰ قیادت پر فخر ہے جو ہمارے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔اراکین اسمبلی سید مدد علی شاہ،اعجاز رنیہ، خالداصغر گورال، حسن عسکری،عبداللہ یوسف،سلمی ہاشمی،تاشفین صفدر اورثمرین تاج نے اجلاس میں شرکت کی۔