ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ، پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 11ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا

اتوار 19 جنوری 2014 06:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء)ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 11ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ گلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے جس کی وجہ سے بچے اوربڑے گلے اور سینے کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سردی اور دھند نے پنجاب کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث روز مرہ معمولات شدید متاثر ہورہے ہیں۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ گوجرانوالہ ، لاہور ڈویڑن ، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے ، تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور خشک اور سرد رہے گا۔