نائیجیریا‘مغوی طالبات کے لیے مظاہروں پر پابندی عائد ،مظاہرین نے فیصلے کو مسترد کردیا، پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

بدھ 4 جون 2014 06:54

ابوجا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء )نائیجیریا کی پولیس نے اغوا ہونے والی لڑکیوں کی بازیابی کے لیے دارالحکومت ابوجا میں مظاہروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ "سکیورٹی وجوہات" کی بنا پر کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ابوجا میں ہونے والے مظاہروں کو "خطرناک عناصر" اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

مظاہرین نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے پابندی کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

ابوجا میں تقریباً روزانہ ہی مظاہرے کیے جارہے ہیں جس کا مقصد مغوی طالبات کے مسئلے کو پر توجہ مرکوز رکھنے اور حکومت پر ان کی بازیابی کے لیے دباو بنائے رکھنا ہے۔بورنو کے گورنر کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کی تحویل سے فرار ہوکر آنے والی 57 طالبات کو لاگوس اور ابوجا کے اسکولوں میں داخلہ دیا جائے گا جہاں وہ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گی۔اس اغوا کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے قبول تھی اور وہ ان لڑکیوں کے بدلے اپنے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔اس تنظیم پر گزشتہ پانچ سالوں میں کی جانے والی مسلح کارروائی میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کا الزام ہے۔