بھارت کے وزیر دیہی ترقی گوپی ناتھ منڈے کار حادثے میں ہلاک

بدھ 4 جون 2014 06:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)بھارت کے وزیر برائے دیہی ترقی گوپی ناتھ منڈے منگل کو نئی دہلی میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ گوپی ناتھ حکمران جماعت بی جے پی کے مرکزی رہنما اور نریندر مودی کے قریبی ساتھی تھے۔ گزشتہ ہفتے ہی بھارت میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد گوبی ناتھ منڈے نے اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہوائی اڈے کی طرف جاتے ہوئے مرکزی وزیر کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، اْنھیں شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نا ہو سکے۔

ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے صحافیوں کو بتایا کہ 64 سالہ گوپی ناتھ حادثے کے بعد ہوش میں تھے اور اپنے محافظ سے بات کر سکتے تھے، اْن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ایک ”ٹویٹ“ میں مسٹر منڈے کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ افسوس کی گھڑی میں ہم اْن کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

گوبی ناتھ 1995ء سے 1999ء تک ملک کی مغربی ریاست مہاراشڑا کے نائب وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ 2009ء اور 2014ء میں بھارت کی پارلیمان کے دو مرتبہ رکن بھی منتخب ہوئے۔

وہ پارلیمنٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی رہے۔ دیہی ترقی کے وزیر کا عہدہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے کیوں کہ ملک کے دیہی علاقوں میں غربت کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے۔ بھارت کی نصف سے زائد آبادی شہروں سے دور آباد ہے لیکن ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں اْن کا حصہ صرف 14 فیصد ہے۔

متعلقہ عنوان :