بلوچستان کے حالات بہتر ہو رہے ہیں ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،الجھے مسائل کو سلجھانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ، وزیر اعلیٰ کا تقریب سے خطاب

بدھ 4 جون 2014 06:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات بہتر ہو رہے ہیں الجھے ہوئے مسائل کو سلجھانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ، وسائل کا جتنا حصہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور تعمیری سرگر میوں پر خرچ کریں کم ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان نے موسیٰ اسٹیڈیم میں پاکستان چائلڈ اسٹریٹ فٹبال کلب اور بلوچستان فٹبال کلب کے درمیان نمائشی میچ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پاکستان ا سٹریٹ فٹبال کلب کی میزبانی ہمارے لیے باعث افتخار ہے، موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں اور خواتین کی ترقی ،انہیں ہر ممکن سہولیات اور مواقعوں کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ، موجودہ دور علم و آگہی کا ہے ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو وہ تمام ترسہولیات فراہم کریں گے جن کے وہ حقدار ہیں، انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان چائلڈ فٹبال کلب کے لیے 10لاکھ روپے، بلوچستان فٹبال کلب کیلئے 5لاکھ روپے اور تقریب میں شاندار جمناسٹک کا مظاہرہ پیش کرنے والوں کے لیے 2لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :