دریائے کنہار میں نصر اللہ خان شجیع اور طالبعلم سفیان عاصم کی تلاش جاری

بدھ 4 جون 2014 06:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ہدایت پر سابق رکن قومی اسمبلی اور سیکرٹری جنرل خیبر پختونخوا شبیر احمد خان کی قیادت میں جماعت اسلامی ، الخدمت فاؤنڈیشن ، شباب ملی اور دیگر برادر تنظیمات کے 300 سے زائد کارکنان حکومت آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا حکومت سے وابستہ ریسکیو اہلکار دریائے کنہار کے لگ بھگ 35کلو میٹر علاقے میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سابق رکن سندھ اسمبلی نصر اللہ خان شجیع اور طالبعلم سفیان عاصم کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

امیر جماعت کی ہدایت پر تلاش کا سلسلہ تیز تر کر دیا گیاہے اور اس کا دائرہ کار بھی بڑھا دیاگیاہے‘

دریں اثنا حادثے کے دوسرے روز بالا کوٹ کے قریب بیسیاں کے مقام پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان کی صدارت میں تلاش میں مصروف جماعت اسلامی کی برادر تنظیمات کا اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ریسکیو کارکنان اور بوٹس کی فراہمی اور مسلسل تعاون کو سراہا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دریا کے کنارے بعض دشوار گزار علاقوں میں تلاش کے کام میں مشکلات کے پیش نظر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے ذریعے وزیراعظم محمد نوازشریف سے رابطہ کر کے وفاقی اداروں اور ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔