فیفا ورلڈ کپ2022 کی قطر کو دی جانیوالی میزبان کے رشوت اسکینڈل میں پاکستان کا نام بھی آ گیا،میگا ایونٹ کی قطر کو میزبانی میں حمایت کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے محمد بن حمام سے15ہزار امریکی ڈالر وصول کیے،برطانوی اخبار کا دعوی،ترجمان پاکستان فٹبال فیڈریشن نے رپورٹ مسترد کردی

منگل 10 جون 2014 07:04

لندن ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء) فیفا ورلڈ کپ2022 کی قطر کو دی جانیوالی میزبان کے رشوت اسکینڈل میں پاکستان کا نام بھی آ گیا۔

(جاری ہے)

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے الزام عائد کیا ہے کہ میگا ایونٹ کی قطر کو میزبانی میں حمایت کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے محمد بن حمام سے15ہزار امریکی ڈالر وصول کیے، تاہم ترجمان پی ایف ایف نے خبر کو بے بنیاد اورمن گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے ،

برطانوی اخبارنے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ قطر نے ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے ایشیائی اور افریقی ممالک کو رشوت دیکر ان کی حمایت حاصل کی۔

اخبار کے مطابق محمد بن حمام کی طرف سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو نومبر 2010 میں مبینہ طور پر15ہزار ڈالر فراہم کیے گئے، اس پیشکش سے پاکستان کے ہمسایہ ممالک بھی محفوظ نہ رہ سکے، بنگلہ دیش نے اسی عرصہ میں 25 ہزار ڈالر اور افغانستان نے 40 ہزار ڈالر وصول کیے، اس حوالے سے برطانوی اخبار نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان شاہد کھوکھر سے رابطہ کیا تو انھوں نے خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پی ایف ایف جلد ہی اپنا بیان جاری کرے گی۔