وزیر اعظم نواز شریف کی معاشی پالیسیوں کی بدولت صحیح سمت اقتصادی ترقی کے اشارے نظر آرہے ہیں ،رانا ثناء اللہ،جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا ہے اور اب تک چین و دیگر ممالک کی طرف سے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن مخالفین کا گمراہ کن پراپیگنڈہ بددیانتی کی انتہا ہے،صوبائی وزیر قانون کا استقبالیہ تقریب سے خطاب

منگل 10 جون 2014 07:09

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی معاشی پالیسیوں کی بدولت صحیح سمت اقتصادی ترقی کے اشارے نظر آرہے ہیں جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا ہے اور اب تک چائینہ و دیگر ممالک کی طرف سے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن مخالفین کا گمراہ کن پراپیگنڈہ بددیانتی کی انتہا ہے جو یہ کہہ رہے ہیں کہ زیادہ شرح سود پر قرضہ لیا جارہا ہے حالانکہ چائینہ کی کمپنیز سرمایہ کاری کر رہی ہے حکومت انہیں صرف سہولیات فراہم کر رہی ہے انہوں نے یہ بات انجمن آڑھتیاں نئی سبزی منڈی کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اراکین قومی اسمبلی میاں عبدالمنان ‘ طلال بدر چوہدری ‘ ایم پی اے حاجی الیاس انصاری ‘ صدر انجمن آڑھتیاں میاں عامر حنیف ‘ صدر غلہ منڈی میاں آصف اسلم ‘ علی اصغر بھولا گجر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان کو برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس سلسلے سیکورٹی اداروں کو جدید وسائل سے آراستہ کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں تاہم شہریوں کو چاہئے کہ وہ خود حفاظتی نظام کا بندوبست کرکے سیکورٹی انتظامات کو کامیاب بنانے میں معاونت کریں ، صوبائی وزیر قانون نے سبزی منڈی کے تاجر مہر سعید کی ڈکیتی کی واردارت میں ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے گشت کو بڑھانے اور جرائم پیشہ افراد کو نکیل ڈالنے کے لئے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ٹھیکری پہرہ کے نظام کو جدتوں سے ہم آہنگ کرکے جاری رہنا چاہئے جس سے جرائم کی وارداتوں میں کمی کے سلسلے میں بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے سبزی منڈی میں پولیس چوکی کے فوری قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ منصوبے کے تحت اس علاقہ میں تھانہ بھی قائم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں نجی گارڈز کی تعیناتی اور موٹر سائیکل پر گشت کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے تو لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے بھی تیز رفتار اقدامات کئے جارہے ہیں اور کم سے کم مدت میں بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ1999ء میں بھی پاکستان ایشیئن ٹائیگر بننے جارہا تھا اور اس وقت لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا نام و نشان نہیں تھا جبکہ غیر ملکی میڈیا بھی پاکستان کی تیز رفتار ترقی کا عندیہ دے رہا تھا لیکن اب بھی انقلابی پالیسیوں کے ذریعے تیز رفتار ترقی کرکے پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے