امر یکی عوام کی اکثر یت نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو امر یکی شہریت دینے کے حما ئیت کر دی ، غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کے حامی افراد میں سے 70 فی صد ڈیموکریٹس جب کہ 51 فی صد ری پبلکن ہیں، 20 فی صد امریکی ملک میں مقیم غیر قانونی تارکینِ وطن کو ڈی پورٹ کرنے کے حا می نکلے ، رپو رٹ

جمعرات 12 جون 2014 08:18

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء) امریکی رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق 62 فی صد افراد امریکہ میں مقیم غیر قانونی تارکینِ وطن کو بعض شرائط پوری کرنے پر شہریت دینے کے حامی ہیں۔پبلک ریلیجن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ' اور 'بروکنگز انسٹی ٹیوشن' کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے نتائج کے مطابق غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کے حامی افراد میں سے 70 فی صد ڈیموکریٹس جب کہ 51 فی صد ری پبلکن ہیں۔

غیر وابستہ رائے دہندگان میں تارکینِ وطن کو شہریت دینے کی حمایت کرنے والے افراد کی تعداد 61 فی صد ہے۔ جائزے کے مطابق صرف 20 فی صد امریکی ملک میں مقیم غیر قانونی تارکینِ وطن کو 'ڈی پورٹ' کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔امریکی حکومت کے مطابق ملک میں اس وقت ایک کروڑ 10 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن مقیم ہیں جن کے پاس امریکہ میں قیام کی دستاویزات موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اوباما انتظامیہ نے ان تارکینِ وطن کو امریکی معاشرے میں ضم کرنے کے لیے کئی اصلاحات تجویز کی ہیں جو امید ہے کہ رواں سال منظور کرلی جائیں گی۔

مجوزہ اصلاحات کے ذریعے مختلف شرائط پوری کرنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکی شہریت فراہم کی جائے گی۔سروے کرانے والے اداروں کے مطابق مجوزہ اصلاحات پر سیاست دانوں کے مابین جاری مباحثے اور اختلافات کے باوجود عوام میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کے موقف کی حمایت میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی ہے۔

گزشتہ برس مارچ میں کیے جانے والے ایسے ہی ایک سروے کے دوران 63 فی صد امریکیوں نے ملک میں مقیم غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکہ کی شہریت دینے کی حمایت کی تھی۔حالیہ سروے کے نتائج کے مطابق 68 فی صد امریکی ایسے غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کے حامی ہیں جو بچپن میں امریکہ آئے تھے اور اب امریکی فوج میں ملازمت کرنے یا کالج میں تعلیم حاصل کرنے پر آمادہ ہوں۔ سروے کے لیے 1538 امریکی بالغان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا تھا۔ منتظمین کیمطابق سروے کے نتائج میں غلطی کا تناسب 3 فی صد ہوسکتا ہے۔