طالبان ، عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سٹریٹجک پارٹنرز ہیں ،پرویز رشید،طالبان دفاعی تنصیبات،عمران خان جمہوری اداروں پر حملہ آور ہیں جبکہ اگلے مرحلہ میں طاہر القادری آئین پر حملہ کریں گے،تینوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے جواب دیا جائیگا،حملوں کی ذمہ داریاں قبول کرنے والوں کے خلاف اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، ریاست کو خطرے کے خاتمے سے بچانے کے لئے حکومت زمینی اور فضائی طاقت کا بھر پور استعمال کرے گی ،وزیر اطلاعات کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 12 جون 2014 08:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء)وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے طالبان ، عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو سٹریٹجک پارٹنرز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان دفاعی تنصیبات،عمران خان جمہوری اداروں پر حملہ آور ہیں جبکہ اگلے مرحلہ میں کینیڈا سے آکر ڈاکٹر طاہر القادری آئین پر حملہ کریں گے، ہم ان تینوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، اب بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے جواب دیا جائیگا،حملوں کی ذمہ داریاں قبول کرنے والوں کے خلاف اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور ریاست کو خطرے کے خاتمے سے بچانے کے لئے حکومت زمینی اور فضائی طاقت کا بھر پور استعمال کرے گی ۔

بدھ کویہاں پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر میں تعلیمی نمائش کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کے اداروں،درسگاہوں اور ہوائی اڈوں کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور حکومت اب بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے جواب دے گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھر پور طاقت استعمال کرے گی اور جو مذاکرات کے حامی ہیں ان سے مذاکرات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ریاست کی دفاع ہے لیکن جو حملے کے بعد فوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو اب حکومت بھی ان کے خلاف اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی اور خطرہ کے خاتمے کے لئے حکومت بھر پور طریقے سے زمینی اور فضائی کارروائی کرے گی اور ملک کو محفوظ بنانے کا فرض پورے کریں گے ۔ریاست کو جہاں خطرہ ہوگا وہی پر اپنا فرض پورا کریں گے ۔

پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لئے کئی پروگرام شروع کررہی ہے اور تعلیم کے فروغ کے لئے بھی حکومت اپنا پورا کردار ادا کررہی ہے ۔وفاقی حکومت نے طلباء کے لئے فیس واپسی سکیم شروع کی ہے اس تعلیمی نمائش سے طلباء کو مدد اور رہنمائی حاصل ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی لاکھوں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ علم کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو بھی کچلنا ہوگا اور علم کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے الوں سے چھٹکارا حاصل کرنا بھی ضروری ہے ۔

کوئی بھی خطرہ ختم کرنے کے لئے ہر قسم کا قدم اٹھائیں گے ۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور طالبان کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری ہوگئی ہے ۔عمران خان نے جمہوریت اور جمہوری اداروں و شخصیات جبکہ طالبان نے دفاعی اداروں اور تنصیبات پر حملے شروع کررکھے ہیں ا اور طاہر القادری اب کینیڈا سے آئین پر حملے کے لئے آرہے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) عمران خان ،طالبان اور طاہر القادری کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی کیونکہ یہ جمہوریت کے دشمن ہیں اور پاکستان کے جمہوریت پسند ادارے اور عسکری ادارے ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر جمہوریت سبوتاژ کرنے والوں کی سازش ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہفتہ کی رات جلسے میں جمہوری اداروں کیخلاف باتیں کیں اور اتوار کی رات طالبان نے ملک کے اقتصادی اور دفاعی اثاثے پر حملہ کیا ۔ ایک طرف عمران خان پریس کانفرنس کرتے ہیں اور دوسری طرف طالبان کا حملہ ہوجاتا ہے ہم دونوں کا مقابلہ کرینگے اب طاہر القادری بھی آئین پر حملے کیلئے آرہے ہیں کیونکہ وہ دیکھ چکے ہیں کہ عمران خان جمہوری اداروں اور طالبان دفاعی اداروں کو کمزور کرنے میں لگے ہوئے ہیں جب ان کا کام مکمل ہوگا تو وہ بھی کینیڈا سے آجائینگے اور اس کے بعد آئین پر حملہ ہوگا ۔

عمران خان طالبان اور ڈاکٹر طاہر القادری تینوں سٹرٹیجک پارٹنر بن چکے ہیں ہم پارلیمنٹ ، جمہوریت ، آئین اور دفاعی اداروں کا تحفظ کرینگے اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر قومی سلامتی اداروں اور جمہوریت پسند لوگوں اور اداروں کا مل کر مقابلہ کرینگے