بھاشا ڈیم کے لئے بھی بھارت سے اجازت کی ضرورت نہیں ہے،اسحاق ڈار، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے،نواز شریف کی قیادت میں ملک میں استحکام آئے گا،عالمی بینک نے داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے 580ملین ڈالر کی منظوری دے دی،دیامر بھاشا ڈیم اپنے وسائل سے تعمیر کریں گے۔ ہوا میں باتیں نہیں کرتے عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں،داسو ڈیم سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، قومی اسمبلی میں پالیسی بیان

جمعرات 12 جون 2014 08:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔نواز شریف کی قیادت میں ملک میں جلد استحکام آئے گا۔عالمی بینک نے داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے 580ملین ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔بھاشا ڈیم کے لئے بھی بھارت سے اجازت کی ضرورت نہیں ہے،دیامر بھاشا ڈیم اپنے وسائل سے تعمیر کریں گے۔

ہوا میں باتیں نہیں کرتے نہ ہم اس پر یقین رکھتے ہیں بلکہ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں۔داسو ڈیم سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔بدھ کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ چھ سال کے دوران بھاشا اور داسو ڈیم پر باتیں ہوتی رہی ہیں کبھی کہا جاتا تھا کہ بھاشا ڈیم بنانے کیلئے ہمسایہ ملک سے این او سی لینا پڑے گا کبھی کہتے تھے عالمی بینک مدد نہیں دے گا لیکن اب عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے بھارت سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ۔

(جاری ہے)

دیامر بھاشا ڈیم کے لئے55 ارب کی منظوری دیدی ہے ۔زمین کی خریداری کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے داسو ڈیم کو منظور کر دیا ہے ۔اس سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی ۔وزیر اعظم اور قوم اس مبارکباد کی مستحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک منصوبہ میں امریکہ اجلاس میں بیٹھا بھی نہیں تھا جبکہ داسو ڈیم پر امریکہ نے بھی حمایت کی ہے جو حکومت پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔تنقید کرنے والوں کو سوچنا چاہیے یہ پراجیکٹ 700 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے اور یہ پنجاب میں نہیں بلکہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہے،پاکستان وزیر اعظم کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کو مستحکم پاکستان بنائیں گے۔