پاکستان کو صرف اصلاحات کی نہیں انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے: چودھری شجاعت حسین کی پیر نقیب الرحمن سے ملاقات ،عوام کو آئین میں دئیے گئے حقوق ملنے چاہئیں، غریبوں کے حالات بہتر کرنے کی ضرورت ہے جو مہنگائی اور بیروزگاری سے زیادہ متاثر ہیں ,چودھری شجاعت حسین کے دل میں پاکستان کا درد اور آگے لے جانے کا جذبہ ہے، ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں،سجادہ نشین عید گاہ شریف

جمعرات 12 جون 2014 08:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کو صرف اصلاحات کی نہیں انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو آئین میں دئیے گئے حقوق حاصل ہو سکیں۔ وہ سجادہ نشین عید گاہ شریف راولپنڈی پیر نقیب الرحمن سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ مسلم لیگی رہنما محمد بشارت راجہ، امتیاز رانجھا، راجہ ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کی ملاقات میں 10 نکاتی ایجنڈے کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ اسلام، سیاسی و سماجی شخصیات سے رابطہ کا جو سلسلہ شروع کیا ہے یہ ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی تاکہ عوامی فلاحی ایجنڈے پر بھرپور تعاون حاصل کیا جائے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ غریب آدمی کے حالات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے جو روز افزوں مہنگائی اور بیروزگاری کی زد میں سب سے زیادہ ہے لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا 10 نکاتی ایجنڈا پاکستان کے آئین کی روح کے عین مطابق ہے اور آئین کی کسی بھی شق کے منافی یا متصادم نہیں مگر قابل افسوس بات یہ ہے کہ آج تک اس ملک میں آئین کے تحت دئیے گئے حقوق عوام کو نہیں دئیے جا سکے، ان نکات کی روشنی میں آگے چل کر مشترکہ جدوجہد کر کے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کر کے ملک میں خوشحالی آ سکتی ہے اور اقتدار میں عوامی شرکت ہی اصل جمہوریت کی روح ہے۔ پیر نقیب الرحمن نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین پاکستان کیلئے سچا درد رکھتے ہیں اور ان میں پاکستان کو آگے لے جانے اور عوامی مسائل حل کرنے کا بھرپور جذبہ ہے ہم ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں، میرے دل میں ان کیلئے بہت محبت اور احترام ہے۔

متعلقہ عنوان :