وزیراعظم کی ”اپنا گھر“ سکیم پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے،مریم نواز شریف،تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاور ت کرکے پندرہ روز کے اند ایک جامع و قابل عمل منصوبہ پیش کیا جائے، چیئرپرسن وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی متعلقہ حکام کو ہدایت

جمعرات 12 جون 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء) وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز شریف نے وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایات پر وزارت ہاؤ سنگ اینڈ ورکس کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کے کم آمدنی والے طبقات کے لئے ہاؤسنگ پروگرام ”اپنا گھر“ میں ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے تاکہ بے گھر لوگوں کو مناسب رہائشی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے جائزہ سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔مریم نوازشریف نے اعلی حکام کو ہدایت کی فوری طور پر ملک بھر کے کم آمدنی والے عوام کو کم قیمت پر 5لاکھ گھروں کی فراہمی کے قابل عمل منصوبے کو عملی شکل دی جائے ۔اس موقع پر سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے چئیر پرسن کوبتایا کہ انتظامی و لاجسٹک معاملات کی وجہ سے سکیم میں کوئی خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے اور مزید بتایا کہ مالی سال 2014-15کے دوران اس مقصدکیلئے چھ ارب روپے کی خاصی رقم مختص کی جا چکی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبوں نے وزیر اعظم اپنا گھر سکیم کے لئے اراضی مختص کررکھی ہے اور ملک بھر میں پانچ پائلٹ منصوبوں کیلئے ابتدائی منصوبہ بندی ہوچکی ہے ۔سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اجلاس کو یقین دلایا کہ منصوبہ چار سالوں میں مرحلہ وار مکمل ہو جائے گا۔ چیئرپرسن مریم نواز شریف نے وزارت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور پندرہ روز کے اندر سیاسی قیادت سے منظوری کیلئے ایک جامع و قابل عمل منصوبہ پیش کیا جائے اور مزید کہا کہ عوامی خدمت کے اعلان کردہ منصوبو ں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کے پاس پاکستان کے عوام کا سیاسی مینڈیٹ ہے اور اس طرح تمام انتظامی سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن کے طور پر رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ وہ وزیر اعظم کی اپنا گھر سکیم پر بھی کام کریں گی تاکہ اس پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیاجائے جس کا اعلان وزیراعظم نے 23اکتوبر کو کیا تھا ۔