فٹ بال ورلڈکپ 2014ء،میکسیکو نے کیمرون کوایک صفر سے ہرا دیا، میچ کا واحد گول پرلاتا نے کیا،میکسیکو نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ کسی افریقی ٹیم کو شکست دی ہے

ہفتہ 14 جون 2014 07:14

ناتال ،برازیل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء)برازیل میں جاری فیفا فٹ بال کے 20ویں عالمی کپ کے دوسرے روز پہلے میچ میں میکسیکو نے کیمرون کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔گروپ اے کی ٹیموں کے اس میچ کا واحد گول پرلاتا نے کیا۔کیمرون اور میکسیکو کے درمیان مقابلہ انتہائی جارحانہ انداز میں شروع ہوا اور میکسیکن کھلاڑیوں نے مخالف گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

تاہم ان حملوں میں انھیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔میکسیکو کی اس ابتدائی کوشش کے جواب میں کیمرون کے کھلاڑی خصوصاً سیموئل ایٹو جوش میں آئے اور جوابی حملے کیے۔پہلے ہاف میں ایک موقع پر پانچ منٹ میں کیمرون کے کھلاڑیوں کو چار ایسے مواقع ملے جب وہ گول کر سکتے تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

(جاری ہے)

پہلے ہی ہاف میں میکسیکو نے دو اور گول بھی کیے لیکن ریفری نے انھیں قبول نہیں کیا اور ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں پرلاتا نے 69ویں منٹ میں گول کر کے میکسیکو کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔یہ پہلا موقع ہے کہ میکسیکو نے ورلڈ کپ میں کسی افریقی ٹیم کو شکست دی ہے جبکہ کیمرون کے خلاف یہ میکسیکو کی دوسری فتح ہے۔اس سے قبل ان دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ سنہ 1993 میں لاس اینجلس میں کھیلا گیا تھا جسے میکسیکو نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا تھا۔