حکومت پرویز مشرف کو سزا دیئے بغیر نہ جانے دے،جاوید ہاشمی ، آئین کی دھجیاں اڑانے والا سابق صدر اگر بچ نکلا تو جمہوریت کو دوبارہ بھی خطرہ ہوسکتا ہے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 14 جون 2014 07:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف آئین توڑنے والا ڈکٹیٹر ہے ، حکومت پرویز مشرف کو سزا دیئے بغیر نہ جانے دے ، آئین کی دھجیاں اڑانے والا سابق صدر اگر بچ نکلا تو جمہوریت کو دوبارہ بھی خطرہ ہوسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئینی راستہ اختیار کرکے سابق صدر پرویز مشرف کو سزا دلوانے کی کوشش کی ہے جو کہ ناکافی ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ پرویز مشرف کیخلاف مزید کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرے ۔ پرویز مشرف آئین توڑنے والا ڈکٹیٹر ہے جو آئین کو توڑے اس کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے ۔ پرویز مشرف اگر ملک چھوڑ کے چلا گیا تو قوم اس حکومت کو کبھی معاف نہیں کرے گی جبکہ آئندہ بھی جمہوریت کو خطرہ رہے گا ۔