یوکرائن، ماریوپول میں متعدد عمارات پر سے باغیوں کا قبضہ ختم کرالیا گیا ہے، وزیر داخلہ

ہفتہ 14 جون 2014 07:21

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء)کو یوکرائن کے وزیر داخلہ آرسن آواکوف نے کہا ہے کہ ماریوپول شہر کے وسط میں متعدد عمارات سے باغیوں کا قبضہ ختم کروا دیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایک بیان میں کہی۔ اس فوجی آپریشن میں علیحدگی پسندوں کے زیر استعمال ایک ہلکی بکتر بند گاڑی کو فوج نے تباہ کر دیا ہے جبکہ اس کارروائی میں چار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

یہ تازہ جھڑپیں اْس وقت شروع ہوئیں جب باغیوں کے لیڈروں نے اس امر کی تصدیق کی کہ ان کے پاس تین ٹینک ہیں۔

(جاری ہے)

یوکرائنی حکام کے مطابق یوکرائن اور روس کی غیر محفوظ سرحدوں پر روسی علاقے کی طرف سے ٹینک یوکرائن کی جانب داخل ہوئے جن پر یوکرائن کی فوج کی طرف سے حملہ کیا گیا۔ تاہم اس امر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ ٹینک روسی علاقے سے یوکرائن کی سرحدوں میں داخل ہوئے تھے۔ دریں اثناء علیحدگی پسند باغیوں کے لیڈر ڈینس پوشیلین نے روس کے سرکاری ٹیلی وڑن کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک کے پاس یہ ٹینک موجود ہیں‘ تاہم انہوں نے کہا کہ اس بارے میں یہ سوال کرنا کہ ان کے پاس یہ ٹینک آئے کہاں سے، غیر مناسب عمل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :