تحریک انصاف کی بہاولپورمیں دھڑے بندی،جلسہ میں توقع کے برعکس حاضری، اسٹیج پر بیٹھنے کے لیے دو لاکھ روپے پارٹی کو فنڈز دینے کے مبینہ مطالبہ نے اختلافات کا بھانڈا پھوڑ دیا ، مقامی قیادت مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم بن چکی اسٹیج پر ان افراد کو بٹھایا گیا جو پارٹی کو ڈونیشن کے نام دو لاکھ روپے دینگے، ضلعی صدر فرزند علی کا الزام

اتوار 29 جون 2014 08:37

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی بہاولپورمیں دھڑے بندی،جلسہ میں توقع کے برعکس حاضری اور اسٹیج پر بیٹھنے کے لیے دو لاکھ روپے پارٹی کو فنڈز دینے کے مبینہ مطالبہ نے پارٹی میں اختلافات کا بھانڈا پھوڑ دیا عمران خان نے نوٹس لے لیا تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بہاولپور میں جلسہ سے ایک روز قبل پی ٹی آئی کی مقامی خواتین رہنماآسیہ کامل ودیگر نے بہاولپور پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوے ضلعی صدر فرزند علی گوہیر پر الزام لگایا تھاکہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم بن چکی ہیں اور جلسہ میں اسٹیج پر ان افراد کو بٹھایا جائے گا جو پارٹی کو ڈونیشن کے نام دو لاکھ روپے دینگے

اس پریس کانفرس نے پارٹی میں شدید اختلافات کا بھانڈا پھوڑ دیا جس کے نتیجے میں گزشتہ روز پی ٹی آئی کے بہاولپور جلسہ میں عوام کی شمولیت توقع سے بہت کم رہی عمران خان سمیت تمام قیادت کم از کم ایک لاکھ لوگوں کی آمد کا سوچ رہی تھی مگر لاکھوں روپے کے فنڈز اکٹھے کر نے کے باوجود مقامی قیادت کی دھڑے بندی جلسے کو لے ڈوبی جلسے کے دوسرے روز پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ نے مْقامی ہوٹل میں پریس کانفرس کرتے ہوے مزکورہ پارٹی اختلافات کا اعتراف کرتے ہوے مزمت کی اور تمام معاملات کو پارٹی کی احتساب کمیٹی میں زیر غور لانے کا عندیہ دیادریں اثناء پارٹی ذرائع کے مطابق خود پارٹی چیرمین عمران خان نے بھی ساری صوتحال کا نوٹس لے لیا ہے