حکومت کہیں نہیں جارہی حکومت کے جانے کا خواب دیکھنے والے خوش فہمی کاشکار ہیں، پرویز رشید،پینتیس پنکچر لگا سکتے تو تحریک انصاف کی پوری ٹیوب پھاڑ دیتے، نوازشریف کو جیت کی تقریرکا مشورہ دینے پرعمران خان مجھے پھانسی پر لٹکادیں، عمران خان خود ہی جج اور جلاد بھی بن جاتے ہیں،پاکستان کے عوام نے بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کردیا ہے عمران خان کو حکومت کے ساتھ مل کر توانائی بحران سمیت دیگر معاملات پر ہماری اصلاح کرنی چاہیے جمہوری حکومتوں کو ماضی میں دو سال سے زیادہ نہیں چلنے دیا جاتا تھا لیکن اب وقت تبدیل ہوچکا ، 2014ء کا پاکستان تماشوں سے متاثر نہیں ہوگا،ارسلان افتخار کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بیان دے دیا ہے ،عمران خان حکومت کا ہاتھ بٹائیں تو ہمیں خوشی ہوگی وہ اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ دیں حکومت نے کسی بھی مسئلے کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا انتقامی سیاست کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں ۔ سانحہ لاہور میں جوڈیشل کمیشن کام کررہا ہے رپورٹ آنے کا انتظار ہے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کیخلاف ضرور کارروائی ہوگی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کی پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 29 جون 2014 08:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 35پنکچر کی بات کرتے ہیں اگر ہم نے 35پنکچر لگائے ہوتے تو راولپنڈی میں عمران خان کی پوری ٹیوپ پھاڑ دیتے ۔ نوازشریف کو جیت کی تقریرکا مشورہ دینے پرعمران خان مجھے پھانسی پر لٹکادیں، عمران خان خود ہی جج اور جلاد بھی بن جاتے ہیں، پاکستان کے عوام نے بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کردیا ہے عمران خان کو حکومت کے ساتھ مل کر توانائی بحران سمیت دیگر معاملات پر ہماری اصلاح کرنی چاہیے جمہوری حکومتوں کو ماضی میں دو سال سے زیادہ نہیں چلنے دیا جاتا تھا لیکن اب وقت تبدیل ہوچکا ہے 2014ء کا پاکستان تماشوں سے متاثر نہیں ہوگا ،ہفتہ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نگران وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت چیف سیکرٹری سے لیکر چپڑاسی تک تبدیل کردیئے گئے تھے چوہدریوں اور عمران خان کے منظور نظر لوگوں کو مختلف عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے مقابلے میں تحریک انصاف کی خاتون یاسمین راشد نے الیکشن لڑا اور اس وقت ان کے سگے بھائی سیکرٹری ہیلتھ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک سال تک عمران خان کے الزامات پر خاموشی اختیار کی کیونکہ ہم تنقید برائے تنقید نہیں کام کرنے پر توجہ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو چار سوال کئے ہیں ان پر خرچ آنے والی رقم دو ارب روپے آئی ڈی پیز کے راشن پر خرچ کی جاتی تو انسانی خدمت ہوتی ۔

۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارسلان افتخار کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بیان دے دیا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی گجرات والوں اور عمران خان کی مرضی سے لگایا گیا نجم سیٹھی کا کرکٹ میں بہت بڑا کردار ہے بنگلہ دیش میں انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا میچ کھیلنے کیلئے راہ ہموار کی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کا ہاتھ بٹائیں تو ہمیں خوشی ہوگی وہ اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ دیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی بھی مسئلے کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا اور انتقامی سیاست کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں ۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور میں جوڈیشل کمیشن کام کررہا ہے رپورٹ آنے کا انتظار ہے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کیخلاف ضرور کارروائی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مولانا قاسم نیازی کے جلوس پر بھی گولیاں چلیں لاہور کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے لوگوں کی طرح تحریک انصاف کے ورکروں سے غنڈہ گردی کی امید نہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کام کررہی ہے جس میں پی ٹی آئی کے ممبران بھی شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بلانے پر عمران خان آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے ضرور آئیں لیکن محسوس یوں ہوتا ہے کہ عمران خان کی ہمدردیاں آئی ڈی پیز کے ساتھ نہیں دہشتگردوں کے ساتھ ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حامد خان دھاندلی کیس میں ان کے وکیل خود ہی پیش نہیں ہوتے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان حکومت کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور وزیراعظم کااشارہ بھی ان دونوں کی طرف ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کا کرکٹ کے حوالے سے بیان اور پر عمران خان کا تبصرہ میرے علم میں نہیں تاہم عمران خان اگر کرکٹ کا میچ ہار گئے تو کیا وہ ایمپائر کا فیصلہ قبول کرینگے کیونکہ عمران خان ہمیشہ پمپرڈ بال کراتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بال کرائی تو بیٹنگ چوہدری نثار علی خان کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چار سوالوں کے جواب دیئے ہیں تاکہ عمران خان دو ارب روپے خرچ نہ کریں وہ رقم آئی ڈی پیز پر خرچ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی پر سوئیاں کھائینگے اور بڑی عید پر پلاؤ کھائینگے حکومت کہیں نہیں جارہی حکومت کے جانے کا خواب دیکھنے والے خوش فہمی کاشکار ہیں ۔