امریکی سفیررچرڈ اولسن کی گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے مختلف امور پرگفتگو

منگل 1 جولائی 2014 08:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء)پاکستان میں متعین امریکہ کے سفیررچرڈ اولسن نے پیرکے روز خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام اباد میں گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان سے ملاقات کی۔معزز مہمان کچھ دیرگورنرکے ساتھ رہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پرگفتگو کی۔ شمالی وزیرستان سے بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی کی بناء پر پیدا شدہ صورتحال خاص طور پر زیربحث آئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ کم وبیش پانچ لاکھ قبائلی عوام نے نقل مکانی کی ہے اور حکومت ان کی دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاشبہ دہشت گردی کی خلاف جنگ میں یہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے جس کی بناء پر متاثرہ عوام کی مشکلات کم سے کم کرنے کیلئے نہ صرف بھاری وسائل اس مد میں منتقل کئے گئے ہیں بلکہ حکومتی مشینری کا ایک بڑا حصہ بھی اس سلسلے میں سرگرم عمل ہے۔ اس ضمن میں معزز مہمان کے خیرسگالی تاثرات کا ذکرکرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ حکومت امریکہ اور امریکی عوام کی جانب سے مشکل کی ہر گھڑی میں فراخدلانہ تعاون اور مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔