وزیراعلیٰ کے اوکاڑہ اور لاہور کے رمضان بازاروں کے دورے،انتظامیہ کو ہر حالت میں مقرر ہ نرخوں پر اشیاء فراہم کرنے کی ہدایت،عوام کو ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی خود کروں گا، شہبازشریف،وزیراعلیٰ رمضان بازاروں میں ہر سٹال پر گئے،اشیائے ضروریہ ،پھلوں،سبزیوں کی قیمتوں،کوالٹی اور سپلائی کو چیک کیا،وزیراعلیٰ کا رمضان بازار میں زرعی فےئر پرائس شاپس پر پھل اورسبزیوں کے معیار پراظہار اطمینان، ان کے ذریعے عوام کو سستے داموں پھل اورسبزیاں مل رہی ہیں

منگل 1 جولائی 2014 08:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عوام کو رمضان المبار ک کے دوران سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے آج اوکاڑہ اور لاہور میں رمضان بازاروں کے دورے کیے ۔وزیراعلیٰ بغیر کسی پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول کے رمضان بازاروں کے دورے پر پہنچے۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران وزیراعلیٰ کی رمضان بازاروں میں آمد سے لاعلم رہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے روزے میں شدید گرمی اورحبس کے باوجود چار گھنٹے سے زائد وقت رمضان بازاروں میں قیمتوں کا جائزہ لیا اور عوام سے براہ راست بات چیت کر کے اشیاء کی قیمتوں اورکوالٹی کے بارے دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ رمضان بازاروں میں ہر سٹال پر گئے اوراشیائے ضروریہ ،پھلوں،سبزیوں کی قیمتوں،کوالٹی اور سپلائی کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

عوام نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ کے رمضان بازار میں مرغی کاگوشت فروخت نہ کرنے کی شکایت پرسخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فی الفور شکایت کے ازالے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ جس کمشنر کو میرے خفیہ اوراچانک دورے کا علم ہوجائے اسے اپنے علاقے کے رمضان بازار میں مرغی کے گوشت کی فروخت بند ہونے کا بھی علم ہونا چاہیے ۔وزیراعلیٰ نے ایک سٹال پر چینی کی قیمت آویزاں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت 45رورپے فی کلو نمایاں طورپر آویزاں کی جانی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے سبزیوں،پھلوں، گوشت اورآٹے کی سٹالز پر جا کر قیمتوں کو چیک کیا اوراشیاء کی کوالٹی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے محبوب عالم چوک اوکاڑہ میں بے ہنگم ٹریفک اور تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال اور آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریفک اور تجاوزات کا مسئلہ فی الفور حل کیا جائے۔اس موقع پر انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے جامع میکانزم وضع کیا گیا ہے اورحکومت رمضان المبارک کے دوران کسی کو بھی زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں دے گی ۔

رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی طورپر میرا ہر جگہ جانا ممکن نہیں لیکن 346رمضان بازاروں کے حوالے سے معلومات اور مانٹیرنگ کا نظام وضع کردیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر مجھے باخبر رکھے گا۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی خود کروں گا۔ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں پر چیزیں سستی ہوجاتی ہیں جبکہ ہمارا طرز عمل بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہسہل پسندی کی صورت میں انتظامی افسر مجھ سے کسی رعایت کی امید نہ رکھیں۔انتظامیہ کو اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ اوکاڑہ کے رمضان بازار میں مرغی کے گوشت کی فروخت کیوں بند تھی؟۔

اوکاڑہ کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے ٹاوٴن شپ میں بھی رمضان بازارکاا چانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں آلو کی سپلائی کم ہونے پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کوآلو کی سپلائی بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ انتظامیہ کو ہر حالت میں مقررہ کردہ نرخوں پر عوام کو اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مرغی کے گوشت کی رمضان بازاروں میں مارکیٹ کے مقابلے میں کم از کم 20روپے فی کلو کم پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اورقیمتوں کے ساتھ معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں زرعی فےئر پرائس شاپس کا دورہ کیا اور پھل اورسبزیوں کے معیار پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی فےئر پرائس شاپس کے ذریعے عوام کو سستے داموں پھل اورسبزیاں فراہم ہورہی ہیں اور اس کو مزید بہتر بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں عوام کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر لوگوں نے” شہباز شریف زندہ باد“ کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :