کراچی ،فائرنگ کے واقعات میں حساس ادارے کے اعلیٰ افسر، امام مسجداور ایم کیو ایم کا کارکن قتل کر دئیے گئے

پیر 4 اگست 2014 08:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں حساس ادارے کے اعلیٰ افسر، امام مسجداور متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن قتل کر دئیے گئے، فائرنگ کے واقعات نارتھ ناظم آباد، رنچھوڑ لائن، لانڈھی اور منگھوپیر میں پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کا اعلیٰ افسر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ میجر عامر اظہر ولد محمدعلی اظہر کے نام سے ہوئی، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔

مقتول کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق مقتول نارتھ کراچی کارہائشی تھا۔

(جاری ہے)

جب کہ اتوار کی صبح رنچھوڑ لائن کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقتول امام مسجد تھا۔علاوہ ازیں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کراچی کے علاقے لانڈھی منزل پمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کا کارکن عامر ولد ابو طالب ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر منگھوپیر میاں والی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔جسے طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔