آزادی مارچ ، ن لیگ نے 1ارب کا خفیہ فنڈ قائم کردیا:میاں محمود الرشید کا انکشاف،کاروباری طبقہ ”مہمان حکمرانوں “کے کسی جھانسے میں نہ آئے ،اپوزیشن لیڈر پنجاب ،50 لاکھ کارکن پشاور بھیجنے والے بتائیں کہ 12اکتوبر 99 ء کو کتنے لوگ باہر نکلے تھے ؟،ن لیگ کے مظلوم کارکنوں کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں ،ہمارے استعفوں کے بعد ضمنی الیکشن کرانے کی باتیں بچگانہ ہیں ،اسکی نوبت نہیں آئیگی،تحریک انصاف کے عہدیداروں، اخبار نویسوں سے گفتگو

پیر 4 اگست 2014 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت مری میں ہونیوالی خصوصی میٹنگ میں ابتدائی طور پر 1ارب روپے کے خفیہ فنڈ قائم کرنے کی اطلاعات ملی ہیں،2 فنکار وزراء اور چند کاریگر بیوروکریٹس نے خطیر رقم کا مطالبہ کیا ہے جس کے بندوبست کیلئے وزیر خزانہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات مل چکی ہیں، اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بچانے کیلئے سرکاری فنڈ کے بے دریغ استعمال کے ساتھ ساتھ پنجاب کے تاجروں، صنعتکاروں اور مستفید ہونے والے بڑے ٹھیکہ داروں سے بھاری چندے لینے کی مہم شروع کی جارہی ہے،ہم لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پنجاب بھر کے کاروباری طبقہ سے کہتے ہیں کہ وہ ان ”مہمان حکمرانوں “کے اب کسی جھانسے میں نہ آئیں ان کا جانا ٹھہر چکا ہے ایسا نہ ہو کہ جاتے جاتے وہ ان کے مال پر بھی ہاتھ صاف کر جائیں، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے اقتدار میں آنے کے بعد سب سے زیادہ نقصان کاروباری طبقہ کو پہنچایا اب اس کی سمجھ کاروباری برادری کو بھی آجانی چاہیے ،

انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں نے جمہوریت کی بحالی، معاشی استحکام اور ملکی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے اس بار وہ حکومتی ایلیٹ کلاس کی بجائے سٹریٹ کلاس کا ساتھ دیں تاکہ عوام کی حقیقی نمائندہ اصلی مینڈیٹ والی حکومت ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کے سفر پر گامزن کر سکے، ایک سوال کے جواب میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہمارے استعفوں کے بعد ضمنی الیکشن کروانے کی باتیں بچگانہ ہیں ہم نے استعفے دیے تو ضمنی الیکشن کی نوبت نہیں آئیگی ، انہوں نے رانا مشہود احمد کے بیان کہ50لاکھ کارکن پشاور بھیج سکتے ہیں کے ردعمل میں کہا کہ یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں 12 اکتوبر 1999 ء کے واقعہ کے بعد رانا مشہود سمیت کوئی بھی شریف برادران کیلئے باہر نہیں نکلا تھا اب بھی کوئی باہر نہیں نکلے گا کیونکہ اس ملک کا عام آدمی موجودہ حکمرانوں سے جتنا تنگ ہے ن لیگ کے کارکن بھی اتنے ہی تنگ ہیں، ن لیگ کے کارکنوں کو بھی دھکوں کے سوا کچھ نہیں ملا ،انہوں نے کہا کہ ہم ن لیگ کے معصوم اور مظلوم کارکنوں اور عہدیداروں کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے عمران خان کے آزادی مارچ میں شریک ہوں اور شریف برادران کا 30 سال تک غلط ساتھ دینے پر سیاسی گناہ کا کفارہ ادا کریں ۔