ملک میں احتجاجی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،عوام کو ترقی اورخوشحالی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے:شہباز شریف،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،بعض عناصر عوام کی خوشحالی کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں،پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے بے مثال فلاحی پروگرام ترتیب دیاہے،ترقیاتی سکیموں کیلئے 345 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،پنجاب کو مثالی صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے اور عوام کی خدمت سیاست کا محور ہے : وزیراعلی پنجاب کی مری میں مختلف وفود سے گفتگو

پیر 4 اگست 2014 08:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں احتجاجی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،عوام کو ترقی اورخوشحالی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،بعض عناصر عوام کی خوشحالی کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسے احتجاجی عناصر کو یکسر مسترد کردیں گے۔

پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے لئے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے بجٹ کی صورت میں بے مثال فلاحی اورانقلابی پروگرام ترتیب دیا ہے اورترقیاتی سکیموں کے لئے 345ارب روپے کے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں جن میں سے 119ارب روپے جنوبی پنجاب کی تعمیروترقی پر صرف کئے جارہے ہیں جس سے جنوبی پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے مری میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اورمسلم لیگ ن کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے، اسی مقصد کے پیش نظر صوبے بھر میں بڑے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے اور قومی وسائل کی ایک ایک پائی صوبے کی تعمیر و ترقی پر نہایت شفاف طریقے سے صرف کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ چار برسوں کے دوران صوبے کی شرح ترقی کا ہدف 8فیصد سالانہ مقرر کیا گیاہے اور اس ہدف کے حصول کے لئے تمام اداروں ،عوامی نمائندوں اورسرکاری حکام کو محنت اور جانفشانی سے کام کرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری ، تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کر کے غربت اور بے روز گاری جیسے مسائل پر قابو پایاجا سکتاہے۔ حکومت نے اس مقصد کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ صوبے بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں او رصنعتوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ چار برسوں کے دوران روزگار کے 40 لاکھ مواقع پید ا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے او راس ہدف کو ہر قیمت پر حاصل کریں گے-

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے۔

فنی تعلیم کو فروغ دے کر مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکتی ہے۔ پنجاب حکومت ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام پر عمل پیراہے اور اس پروگرام کے ذریعے اب تک ہزاروں بچوں اور بچیوں کو فنی تربیت دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ چار برسوں میں 20 لاکھ مرد و خواتین کے لئے فنی تعلیم کا مربوط پروگرام تشکیل دیا گیاہے۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور دانش سکول بھی ان علاقو ں میں قائم کئے گئے ہیں جو یہاں معیار ی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں عوام کے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی ہے اورعوام جانتے ہیں کہ ان کی بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورانتشار کی سیاست کون۔

ہمار ا ہر قد م عوام کی فلاح کے لئے اٹھ رہا ہے۔ارکین اسمبلی اورمسلم لیگ ن کے مختلف وفود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ترقیاتی وژن زبردست ہے۔ وہ دن رات صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کی ترقیاتی سوچ اور صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے عزم اور کام کرنے کی لگن اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ صوبے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچا کر دم لیں گے اور ان کے دور میں پنجاب ترقی و خوشحالی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوگا۔