وفاقی دارالحکومت اورپنجاب سمیت ملک بھر میں پٹرول کی قلت ، زیادہ تر پمپ بند،ملک کے کئی شہروں میں پٹرول کی شدید قلت پیدا ہوگئی اور پٹرول پمپوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں،غیریقینی صورت حال کے باعث پٹرول کی کھپت بڑھ گئی ہے، پٹرولیم ڈیلرزایسویشن،پیٹرولیم مصنوعات معمول کے مطابق دستیاب ہیں،وزارت پٹرولیم

اتوار 10 اگست 2014 09:00

اسلام آباد،لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء) پٹرول پمپس پر پٹرول کی فراہمی بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، لاہور اور دیگر اہم شہروں میں پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔وزارت پیٹرولیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات معمول کے مطابق دستیاب ہیں۔

میڈیارپورٹ کے مطابق لاہور کے بیشتر پٹرول پمپس بند ہو چکے ہیں۔ پٹرول نہ ہونے کے باعث کئی گاڑیاں راستے میں ہی بند ہو گئیں جس سے شہریوں کو دوہری اذیت کا سامنا رہا۔ اسی طرح کئی شہریوں کولمبی قطار کے بعد بھی پٹرول نہ مل سکا۔ کہا جا رہا ہے کہ لاہور میں داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹوں کے باعث پٹرول کی ترسیل پر اثر پڑا ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے اکثر پٹرول پمپس کے پاس تیل کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے۔

امن واما ن کی غیر یقینی صورتحال کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔ملتان میں بھی پٹرول پمپس سے سپلائی معطل ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پٹرول کی سپلائی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ غیریقینی صورت حال کے باعث پٹرول کی کھپت بڑھ گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئندہ گھنٹوں میں جلد صورت حال بہترہوجائیگی۔

دوسر ی جانب وزارت پیٹرولیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات معمول کے مطابق دستیاب ہیں،اس بیان سے ان تمام افواہوں کی تردید ہوگئی ہے جن سے پنجاب میں پیٹرول کی کمی اور سی این جی کی معطلی کا تاثر پیدا کیا جارہا ہے۔ یہ بات پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کی وزارت نے گزشتہ شب اسلام آباد میں بتائی۔ اس بیان سے ان تمام افواہوں کی تردید ہوگئی ہے جن سے پنجاب میں پیٹرول کی کمی اور سی این جی کی معطلی کا تاثر پیدا کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی خبریں گمراہ کن اور حقیقت کے برعکس ہیں۔

متعلقہ عنوان :