اسرائیلی صدر نے سفیر کو بونا کہنے پر برازیل سے معافی مانگ لی

بدھ 13 اگست 2014 08:52

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء)اسرائیل کے صدر ریوین ریولین نے ترجمان اسرائیلی وزارت خارجہ کے نازیبا ریمارکس پر برازیل سے معافی مانگ لی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے برازیلی سفیر کو سفارتی بونا قرار دیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ترجمان نے یہ ریمارکس پچھلے ماہ اس وقت دیے تھے جب برازیل نے غزہ پر اسرائیلی بمباری پر تنقید کی تھی اور اپنے سفیر کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا۔

اسرائیلی صدر نے برازیل کی صدر ڈیلما راوسیف سے فون پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی ترجمان کے ریمارکس پر معافی مانگی اور کہا یہ ریمارکس اسرائیلی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔

اس سے پہلے برازیلین صدر کے دفتر کی طرف سے اسرائیلی ریمارکس پر کہا گیا تھا کہ اس سے بہت برا ماحول پیدا ہو جاتا ہے اس لیے محتاط رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

برازیلی صدر ڈیلما راوسیف کے دفتر کے مطابق برازیل نے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے حوالے سے اپنے تاریخی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کو بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت ایک دوسرے کی خودمختاری کو برداشت کرنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے لاطینی امریکا کے ممالک نے بطور خاص غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی اور عام شہریوں کی شہادتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔اب تک اسرئیلی بمباری سے 2000 سے زائد فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تاہم پیر کے روز سے ایک مرتبہ پھر تین روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے